لاہور:(پنجاب پوسٹ) ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہند گاڑیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے گلبرگ کے علاقے میں ایک پراڈو گاڑی کو تحویل میں لے لیا، جس کے ذمہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے واجب الادا تھے۔ کارروائی کے دوران گاڑی کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو مجموعی طور پر 53 ای چالان سامنے آئے، جن کی مالیت 1 لاکھ 25 ہزار 600 روپے بنتی تھی۔ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی کے مالک نے مختلف اوقات میں متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی۔
ریکارڈ کے مطابق پراڈو کے خلاف 13 مرتبہ سگنل کی خلاف ورزی، 32 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی جبکہ 8 مرتبہ اوور اسپیڈنگ کے چالان درج تھے۔ مسلسل خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی عدم ادائیگی پر گاڑی کو روک کر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس حکام کے مطابق موقع پر ہی گاڑی مالک سے تمام واجب الادا جرمانے وصول کیے گئے، جس کے بعد گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ ای چالانز کی ادائیگی نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور ایسے تمام نادہندگان کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں، مقررہ رفتار کی پابندی کریں، سگنلز اور لین ڈسپلن کا خیال رکھیں اور ای چالان موصول ہونے کی صورت میں بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہےَ
















