فیصل آباد:(پنجاب پوسٹ) میں کابینہ کمیٹی برائے فیصل آباد ڈویژن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، انتظامات اور عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء عظمیٰ بخاری اور بلال اکبر خان سمیت معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے شرکت کی۔اجلاس سے قبل صوبائی وزراء نے مرکزی امام بارگاہ فیصل آباد کا دورہ کیا اور جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران کیے گئے حفاظتی اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔ حساس مقامات پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے، اضافی نفری تعینات کرنے اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی پر بھی زور دیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ٹھنڈے پانی اور پنکھوں کی دستیابی، اور محرم کنٹرول رومز کی 24 گھنٹے فعالیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ شکایات کے فوری ازالے کے لیے مربوط نظام فعال رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق امام بارگاہوں کے باہر کیو آر کوڈ پر مبنی پینک بٹن سسٹم متعارف کرانے کے لیے منتظمین کو شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد ممکن ہو سکے۔صوبائی وزراء نے مزید ہدایت کی کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر فیک نیوز، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی روک تھام کے لیے کوئیک رسپانس فورس کو متحرک رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ صرف انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جلوسوں اور مجالس کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک روٹس سے آگاہی کے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔















