مرکزی مسلم لیگ کا این اے 77 ضمنی انتخاب جیتنے کا دعویٰ، مریم نواز سے الزامات واپس لینے کا مطالبہ

لاہور (پنجاب پوسٹ ) مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بصورت دیگر پارٹی ہر فورم پر کارروائی کا اختیار رکھتی ہے۔

خالد مسعود سندھو کے مطابق مرکزی مسلم لیگ یہ ضمنی انتخاب جیت چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پولنگ عملے اور پولیس کو استعمال کر کے نتائج اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی ترجمان فیصل ندیم میڈیا کے سامنے ثبوت اور سوالات رکھ چکے ہیں، جن کے جواب حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب اور الیکشن کمیشن سے مانگے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی آمنے سامنے، مذاکرات کا فائنل راؤنڈ آج ہو گا! لانگ مارچ کا مستقبل کیا ہو گا؟

انہوں نے کہا کہ سوالات کے جواب دینے کے بجائے (ن) لیگ کی قیادت اور وزیراعلیٰ نے مرکزی مسلم لیگ پر بھونڈے الزامات لگائے، جو ان کے بقول اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہیں عوامی حمایت حاصل نہیں رہی۔ ان کا مؤقف تھا کہ اس طرح کے الزامات سے سیاسی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ ریاست کے خلاف بیانیہ بنتا ہے، اس لیے مریم نواز مفاد کی سیاست کے لیے ریاست کو داؤ پر نہ لگائیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے صدر نے کہا کہ ان کی جماعت نے 2024 کے عام انتخابات میں حصہ لیا اور آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود سپریم کورٹ بار کے سینئر نائب صدر رہ چکے ہیں اور قانونی تقاضوں سے بخوبی واقف ہیں۔

خالد مسعود سندھو نے مزید کہا کہ ان کی جماعت نے عوام کی خدمت کے ذریعے لوگوں کے دل جیتے ہیں اور لوگ ان کے کام سے واقف ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مخالف کو دہشت گرد قرار دیتی ہیں اور انہیں اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔ ان کے بقول عوام (ن) لیگ سے نفرت کرتے ہیں اور اسی لیے اسے ووٹ نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا: "سیاست وقار اور کردار کے ساتھ ہوتی ہے، الزامات کے ساتھ نہیں۔”

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے