لاہور :(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے پاک رکھنے کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے احکامات پر کارروائیوں میں نمایاں تیزی آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 45 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 1407 گداگروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان کارروائیوں میں ایسے افراد کو بھی نشانہ بنایا گیا جو عادی طور پر سڑکوں، چوراہوں اور سگنلز پر بھیک مانگ کر ٹریفک کی روانی متاثر کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ متعدد افراد جعلی معذوری کا بہانہ بنا کر شہریوں سے بھیک مانگ رہے تھے، جس پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 10 مقدمات درج کروائے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق کارروائی کے دوران 510 خواتین، 620 مرد، 190 بچے اور 200 سے زائد خواجہ سرا کو ٹریفک سگنلز سے ہٹا دیا گیا۔مزید برآں، ٹریفک پولیس نے انسانی ہمدردی کے تحت 997 بھکاروں کو ایدھی ہومز جبکہ 26 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے بھی کیا تاکہ ان کی بحالی اور تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں اس مہم کو مزید مؤثر بنائیں اور شہر کی اہم و مصروف شاہراہوں کو مکمل طور پر اس مسئلے سے پاک کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی محنت کی کمائی دھوکہ باز عناصر کے لیے نہیں ہے۔ ان کے مطابق عادی گداگر اکثر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں جو کہ نہ صرف معاشرتی مسئلہ ہے بلکہ ٹریفک حادثات کا باعث بھی بنتا ہے۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
















