لاہور:(پنجاب پوسٹ) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام (17 جون تا 26 جون) تک خصوصی پابندیاں نافذ العمل رہیں گی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ کسی بھی نئی روایت، جلوس یا مجلس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر اسلحہ، آتش گیر مواد اور دیگر خطرناک اشیاء کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے اشتعال انگیز نعروں، اشاروں، تقاریر، بیانات اور ایسے تبصروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جو عوامی جذبات کو بھڑکا سکتے ہوں یا فرقہ وارانہ و نسلی منافرت کو فروغ دیں۔نوٹیفکیشن کے تحت جلوسوں کے راستوں میں واقع عمارتوں اور گھروں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیاء جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح جلوس کے دوران راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی کھڑے ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم کو نافذ ہوگی جبکہ دیگر تمام پابندیاں یکم سے 10 محرم الحرام تک برقرار رہیں گی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عوامی آگاہی کے لیے حکم نامے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے اور تمام اضلاع میں اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔














