لاہور: (پنجاب پوسٹ)محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبہ بھر میں عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فول پروف سکیورٹی انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں، ڈرون ٹیکنالوجی، 4G کیمروں، مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نگرانی کے نظام اور جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ان جدید وسائل کی مدد سے صوبے بھر میں مشکوک سرگرمیوں، ہجوم کی صورتحال اور سکیورٹی خدشات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پہلی مرتبہ صوبہ بھر کی 4 ہزار 500 سے زائد امام بارگاہوں کو QR بیسڈ ڈیجیٹل سکیورٹی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تمام متعلقہ امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، جیو میپنگ اور QR پینک بٹن کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، جس سے سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کا نظام مزید مضبوط اور تیز رفتار ہو گیا ہے۔سیف سٹی حکام کے مطابق QR کوڈ سکین کرتے ہی متعلقہ امام بارگاہ کی لوکیشن، حساسیت کی درجہ بندی، انتظامیہ کی تفصیلات اور دیگر ضروری معلومات فوری طور پر دستیاب ہو جائیں گی۔ اسی طرح QR پینک بٹن کے ذریعے ایمرجنسی 15، لائیو چیٹ اور ویڈیو کال کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امام بارگاہ انتظامیہ براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے فوری رابطہ کر سکے۔
ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر QR پینک بٹن سسٹم کی صوبہ بھر میں توسیع اور فوری نفاذ کو یقینی بنایا گیا، جس کے نتیجے میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی رسپانس کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے گی۔سیف سٹی اتھارٹی نے محرم الحرام کے لیے امام بارگاہوں کا جامع ڈیجیٹل ڈیٹا بیس بھی تیار کر لیا ہے، جس میں سکیورٹی سے متعلق تمام اہم معلومات محفوظ کی گئی ہیں۔ جدید جیو میپنگ، اسمارٹ سرویلنس اور ڈیجیٹل سکیورٹی سسٹمز کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عزاداروں کو محفوظ ماحول مہیا کیا جا سکے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے عزاداروں کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی، پرامن ماحول اور مضبوط سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ اور فعال ہیں۔














