جڑانوالہ:(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک مبینہ معروف چائنیز کمپنی کی جانب سے خوراک میں سنگین جعلسازی کو بےنقاب کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا ایکسپائر اور مضر صحت خام مال اور تیار شدہ مصنوعات تلف کر دی گئیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے جاتی عمرہ روڈ پر واقع معروف برانڈ کے گودام پر چھاپہ مارا، جہاں خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے والا ایکسپائر خام مال بڑی مقدار میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مختلف مصنوعات میں استعمال ہونے والے خام مال کی ایکسپائری تاریخوں میں ردوبدل کیا گیا تھا تاکہ انہیں دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:محرم الحرام کے پیشِ نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، سات اہم پابندیوں کا اعلان
کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 33 ہزار 750 کلوگرام ایکسپائر خام مال تلف کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف اشیاء بھی بڑی مقدار میں ضائع کی گئیں جن میں شامل ہیں: 11 ہزار 100 کلو مختلف جوس، 4500 لیٹر جوس، 2 ہزار 88 کلو ٹی پاؤڈر، 310 کلو جیلی، 2 ہزار کلو جام اور دیگر مشروبات۔مزید برآں 8 ہزار کلو نان ڈیری کریم اور 3200 کلو ویفرز بھی تلف کیے گئے۔ تمام کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کے مطابق مکمل کی گئی اور مضر صحت اشیاء کو مولہنوال میں تلف کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ خوراک کے کاروبار میں جعلسازی اور ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے
انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ اور فوڈ فراڈ میں ملوث عناصر کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔














