لاہور( پنجاب پوسٹ)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہور پریس کلب ذکر اللہ مجاہد،رشید منہالہ، رانا تحفہ دستگیر، محمد فاروق چوہان ، مہر بہادر خان اور عمران الحق کے ہمراہ گنے کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں، شوگر ملز مالکان کی من مانیوں اور زرعی مداخل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے صوبے کے کسانوں کو شدید معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
گنے کی فصل تیار ہونے کے باوجود شوگر ملوں کی جانب سے تاحال کرشنگ سیزن شروع نہ کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔20 نومبر کو پنجاب بھر کی شوگر ملوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ایک طرف کسان اپنی فصل کی کٹائی اور فروخت کے منتظر ہیں، دوسری جانب شوگر ملز مالکان نے کرشنگ سیزن شروع کرنے میں غیر ضروری تاخیر کرکے کاشتکاروں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔
حکومت فوری طور پر شوگر ملوں کو کرشنگ سیزن شروع کرنے کا پابند بنائے۔ پنجاب حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ گنے کی قیمت کم از کم 700 روپے فی من مقرر کی جائے، تمام شوگر ملوں میں فوری طور پر کرشنگ سیزن شروع کروایا جائے، انہوں نے کہا کہ کسانوں سے گنے کی سرکاری نرخوں پر خریداری یقینی بنائی جائے، وزن میں کٹوتیوں اور دیگر غیر قانونی طریقوں کا خاتمہ کیا جائے اور ادائیگیوں کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ کھاد، بیج، ڈیزل اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور کسانوں کو بلاسود قرضوں اور مناسب زرعی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
کھاد، بیج، ڈیزل، زرعی ادویات، ٹریکٹر، مشینری اور دیگر زرعی اخراجات میں ہونے والے اضافے کو نظر انداز کرکے گنے کی قیمت مقرر کرنا کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ گنے کی قیمت کا تعین کرتے وقت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت، مہنگائی اور منافع کو مدنظر رکھے تاکہ کسان آئندہ بھی گنے کی کاشت جاری رکھنے کے قابل رہیں۔
زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے اس اہم شعبے کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پنجاب ملک میں زرعی پیداوار کے حوالے سے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، یہاں کے کسان گندم، کپاس، گنا، چاول اور دیگر فصلوں کی پیداوار کے ذریعے نہ صرف ملکی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ قومی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے باوجود کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ نہیں مل رہا۔
حکومت کی جانب سے زرعی شعبے کی ترقی کے دعوے تو بہت کیے جاتے ہیں، مگر عملی اقدامات کا فقدان واضح دکھائی دیتا ہے۔ گنے کے کاشتکار پورا سال اپنی فصل کی تیاری پر محنت کرتے ہیں۔ مہنگے بیج، کھاد، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی، آبپاشی اور مزدوری کے اخراجات برداشت کرکے جب فصل تیار ہوتی ہے تو انہیں اپنی پیداوار فروخت کرنے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شوگر ملوں کی جانب سے بروقت کرشنگ شروع نہ کرنا کسانوں کے معاشی استحصال کے مترادف ہے۔ فصل کھیتوں میں کھڑی رہنے سے نہ صرف کاشتکار کی اگلی فصل کی تیاری متاثر ہوتی ہے بلکہ گنے کی پیداوار اور معیار پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسان کو اپنی فصل کی فروخت میں تاخیر کے باعث مالی مشکلات، قرضوں اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شوگر ملز مالکان کو قانون اور طے شدہ ضابطوں کا پابند بنائے۔ یہ کسی صورت قابل قبول نہیں کہ چند بڑے کاروباری گروہ اپنی مرضی سے کرشنگ سیزن شروع کریں اور لاکھوں کسانوں کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے۔ حکومت اگر عوام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتی ہے تو اسے شوگر ملوں کی بندش اور کرشنگ میں تاخیر کا فوری نوٹس لینا ہوگا۔ تمام شوگر ملوں کو پابند کیا جائے کہ وہ بلا تاخیر کرشنگ سیزن شروع کریں اور گنے کی خریداری شفاف طریقے سے یقینی بنائیں۔
کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ زرعی شعبے کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ یوریا، ڈی اے پی اور دیگر کھادیں عام کاشتکار کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی ادویات، معیاری بیج، ڈیزل اور بجلی کے نرخوں میں اضافے نے بھی کسانوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ ایک طرف حکومت زرعی پیداوار بڑھانے کی بات کرتی ہے، دوسری طرف زرعی مداخل کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ جب کسان کو مہنگی کھاد اور ادویات خریدنا پڑیں اور اپنی فصل بھی مناسب قیمت پر فروخت نہ کر سکے تو زرعی پیداوار میں اضافہ کیسے ممکن ہوگا؟۔
زرعی شعبے میں بڑھتے ہوئے اخراجات کا براہ راست اثر عام شہری پر بھی پڑتا ہے۔ جب کسان کی پیداواری لاگت بڑھتی ہے تو اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، جس کا بوجھ بالآخر عام صارف کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ کسان کو معاشی تحفظ فراہم کیے بغیر نہ غذائی تحفظ ممکن ہے اور نہ ہی ملکی معیشت مستحکم ہو سکتی ہے۔ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت ترقی کرے گی، دیہی معیشت مضبوط ہوگی اور ملک خود کفالت کی منزل کی جانب بڑھ سکے گا۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ حکومت کو زراعت کے شعبے کو محض اعلانات اور نمائشی منصوبوں کے ذریعے نہیں بلکہ ٹھوس پالیسیوں اور عملی اقدامات سے مضبوط بنانا ہوگا۔ کسانوں کو ان کی فصل کا مناسب معاوضہ، سستی زرعی مداخل اور بروقت ادائیگیوں کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
اگر یہی صورتحال برقرار رہی اور کسانوں کے مسائل کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا تو اس کے اثرات صرف زراعت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ملکی معیشت، غذائی تحفظ اور عام آدمی کی زندگی بھی متاثر ہوگی۔ کسانوں کے معاشی استحصال اور شوگر ملز مالکان کی من مانیوں پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کسانوں سمیت ملک کے تمام محنت کش طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
حکومت ہوش کے ناخن لے، کسانوں کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کے بجائے ان کے جائز مطالبات تسلیم کرے اور زراعت کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔











