لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں مرد و خواتین اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کو لباس میں سادگی، شائستگی اور پیشہ ورانہ وقار برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئی ہدایات کے مطابق خواتین اساتذہ سادہ شلوار قمیض، لمبی قمیض اور رسمی ٹراؤزر پہن سکیں گی، جبکہ دوپٹہ، اسکارف، حجاب اور عبایا پہننے کی بھی اجازت ہوگی۔ تاہم جینز، ٹائٹس، لیگنگز اور بغیر آستین کے لباس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
خواتین اساتذہ کو اونچی ایڑھی والے جوتے اور بھاری زیورات پہننے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مرد اساتذہ کے لیے سادہ شلوار قمیض کے ساتھ رسمی واسکٹ، رسمی پینٹ اور کالر والی شرٹس کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ جینز، ٹی شرٹس، شارٹس اور ٹریک سوٹس پہننے پر پابندی ہوگی۔
مرد اساتذہ کو ٹوپی اور انڈور سن گلاسز استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ تمام اساتذہ کو صاف ستھرا اور پروفیشنل حلیہ برقرار رکھنے سمیت لباس کے انتخاب میں ثقافتی اقدار اور تعلیمی اداروں کے وقار کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔











