لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر ہاؤس لاہور میں پرائمری اسکول کے بچوں میں فوڈ اور یونیفارم پیکجز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے نجی فاؤنڈیشن کے تعاون سے بچوں میں کھانے اور مکمل یونیفارم کے پیکجز تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا۔
بچوں کیلئے تعلیمی اور صحت کی سہولیات
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ آج سے اسکول میں بچوں کے لیے کھانے کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ بچوں کو مکمل یونیفارم بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نیتوں پر فیصلے کرتا ہے، نیت اچھی ہو تو اللہ مدد کرتا ہے، نیک لوگوں کی وجہ سے ہی ملک قائم ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرے، بطور عوامی نمائندہ شرمندگی ہوتی ہے کہ ہم لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کرپا رہے۔
بچوں کے روشن مستقبل کیلئے حکومتی اقدامات
حکومت کی جانب سے پیسوں کا بہانہ بنانا مناسب نہیں۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ گورنر ہاؤس سے تعلیم حاصل کرکے نکلنے والے بچے مستقبل میں وزیراعلیٰ اور گورنر بنیں۔صوبوں کی تقسیم اور نئے صوبے کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں اس حوالے سے عوامی رائے مختلف ہے۔ پنجاب میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ رحیم یار خان آتے ہی فنڈز ختم ہو جاتے ہیں، جبکہ سندھ میں عوام کی رائے ہے کہ صوبہ نہیں بننا چاہیے۔
نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ عوام کی رائے کے بغیر کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ جب بھی زبردستی فیصلے مسلط کیے جاتے ہیں تو نتائج درست نہیں آتے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کے مطابق نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے، حکومت میں بیٹھے لوگوں کو بھی اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ سندھ اسمبلی نے متفقہ طور پر نئے صوبے کے قیام کے خلاف قرارداد منظور کی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی میں فارم 47 سے متعلق کوئی الزام بھی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گورنر پنجاب کی میجر جنرل راشد محمود (مرحوم) کے گھر والوں سے اظہار افسوس
عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ عوامی رائے کو نظرانداز کرکے کیے گئے فیصلے مثبت نتائج نہیں دے سکتے۔










