لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے 2012 میں جسٹس آف پیس کے اندراج مقدمہ کے حکم کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار جبار بارا کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرانے پر ایس پی عبداللہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ درخواست گزار جبار بارا عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
سماعت کے دوران مدعی ارشاد احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ 2012 میں ہنجروال میں پلاٹ پر قبضے کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس کے بعد جبار بارا نے ان سے صلح کر لی اور دس مرلہ پلاٹ 26 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ مدعی کے مطابق جبار بارا نے صرف ایک لاکھ روپے ادا کیے اور باقی رقم دینے سے انکار کر دیا، جس پر جسٹس آف پیس نے پولیس کو کارروائی کا حکم دیا تھا۔
ارشاد احمد نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے تاحال نہ تو بقایا رقم دلوائی اور نہ ہی مقدمہ درج کیا۔ دوسری جانب درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ جسٹس آف پیس نے حقائق کے برعکس اندراج مقدمہ کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے معاملے پر سی سی پی او لاہور کو کل ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔










