وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ آزاد جموں وکشمیر،راجہ بابر علی ذوالقرنین کے والد کے انتقال پر تعزیت اور سیاسی معملات پر بات چیت

مظفرآباد (پنجاب پوسٹ)مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز آج آزاد جموں و کشمیر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وفاقی وزراء کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ان کے والد اور سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں مرحوم راجہ ذوالقرنین خان کی آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی، جمہوری اور عوامی ترقی کے لیے کی جانے والی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ گفتگو کے دوران کہا گیا کہ راجہ ذوالقرنین خان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور کشمیری عوام کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور پورے وفد نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اس موقع پر میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر آزاد کشمیر سے بھی ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر افسران شریک تھے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے