لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور دنگے فساد روکنے کے لیے قائم رائٹ مینجمنٹ پولیس (آر ایم پی) کی استعداد کار بڑھانے کے لیے نئی آسامیوں کی تخلیق اور بھرتیوں کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی میں 300 جبکہ رائٹ مینجمنٹ پولیس میں ساڑھے تین سو سے چار سو کے قریب نئی اور خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے آئی جی پنجاب کی جانب سے سمریاں منظوری کے لیے حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں جنرل ایگزیکٹو کیڈر اور منسٹریل کیڈر کی متعدد آسامیاں خالی ہیں، جبکہ تقریباً 300 کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ دوسری جانب رائٹ مینجمنٹ پولیس میں منسٹریل کیڈر کی نئی آسامیاں تخلیق کرنے اور خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی تجویز بھی حکومت کو ارسال کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سمریوں کی حتمی منظوری کے بعد نئی آسامیوں کی تخلیق اور بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔










