متروکہ وقف املاک بورڈ کا اجلاس ،200 ہندو اور سکھ طلبا و طالبات کو سکالرشپ دینے پر غور ،ادارے کا بجٹ بھی بڑھا دیا گیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) متروکہ وقف املاک بورڈ کے 359ویں دو روزہ اجلاس میں مذہبی ورثے کے تحفظ، اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور ادارے کے مالیاتی و انتظامی امور سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئے۔چیئرمین بورڈ قمرالزمان کی زیر صدارت اجلاس کے آخری روز 13 اہم ایجنڈا آئٹمز زیر بحث آئے جبکہ سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے مختلف منصوبوں اور ادارہ جاتی امور پر ممبران کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں ہندو اور سکھ مذہبی املاک کی بحالی و تزئین و آرائش، اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس، ٹرسٹ پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ اور ادارے کے مالیاتی و انتظامی معاملات ایجنڈے کا حصہ رہے۔گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ پشاور کی 10 کروڑ 12 لاکھ 31 ہزار روپے کی لاگت سے جاری بحالی و تعمیر نو کے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جبکہ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے قریب سکھ یاتریوں کے لیے جدید رہائشی سہولیات تعمیر کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں ٹرسٹ پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرنے کے لیے سروے آف پاکستان کی مدت میں 31 دسمبر 2027 تک توسیع کی منظوری دے دی گئی۔

دوسری جانب 200 ہندو اور سکھ طلبہ کو ماہانہ اسکالرشپس کی ادائیگی کے معاملے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ مالی سال 2025-26 اور 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی توثیق کے امور زیر بحث آئے۔بورڈ کے ماہانہ ورکنگ بیلنس کو 35 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کرنے، فکسڈ ڈپازٹس اور ٹرسٹ پراپرٹیز کو منافع بخش بنانے کی تجاویز بھی اجلاس میں زیر غور رہیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مذہبی ورثے کے تحفظ، اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور ادارے کے مالیاتی و انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔اجلاس میں سابق ایم پی اے اختیار ولی خان سمیت بورڈ ممبران اور متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے