لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی میں بلوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 ایوان میں پیش کر دیا۔ بل پر اپوزیشن کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے، جس کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کے اعتراضات سے لگتا ہے جیسے تھیٹر کا موجودہ نظام بہت اچھا چل رہا ہے، حالانکہ آج ہونے والے تھیٹر کو کوئی ایک شخص بھی درست نہیں کہہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سہیل احمد، خالد عباس ڈار اور وسیم عباس جیسے فنکاروں نے تھیٹر کیوں چھوڑ دیا؟ ظاہر ہے جس قسم کا تھیٹر آج پیش کیا جا رہا ہے، وہ ایسے فنکاروں کے کرنے کے قابل نہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹرز کے حوالے سے ایسی خوفناک کہانیاں سامنے آتی ہیں جو بیان کرنا بھی مشکل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں خصوصی بچوں کیلئے کتابیں اے آئی ٹیکنالوجی سے کیسے بنائی جائیں گی؟
خواتین فنکارائیں ان کے پاس آ کر شکایات کرتی ہیں کہ بعض مالدار پروڈیوسرز انہیں نامناسب لباس پہننے اور غیر مناسب حرکات کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ان کے مطابق خواتین فنکاراؤں کو مہنگے ٹکٹوں والے شوز کے لیے مخصوص تماشائی لانے کا دباؤ بھی ڈالا جاتا ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت تھیٹر پر پابندی لگانا نہیں بلکہ اسے منظم اور مانیٹر کرنا چاہتی ہے۔ ماضی میں پنجاب میں معیاری تھیٹر پیش کیا جاتا تھا جس میں کوئی نہ کوئی اصلاحی سبق بھی ہوتا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فنکار برادری کے لیے کالونی بنانے کا اعلان بھی کیا ہے۔











