لاہور (پنجاب پوسٹ) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے ہدایت کی ہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع، تزئین و آرائش اور بحالی کا مجموعی منصوبہ جون 2027 تک ہر صورت مکمل کیا جائے، جبکہ مرکزی مزار کی بحالی و تزئین و آرائش کا کام جنوری 2027 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے داتا دربار میں منعقدہ ترقیاتی منصوبے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، نیسپاک، محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) اور داتا دربار کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، پیش رفت اور زیر تکمیل کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نبیل جاوید نے تعمیراتی کاموں کی رفتار میں سست روی اور بعض امور میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت تعمیراتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مدینہ فاؤنڈیشن کو مرکزی مزار کے بڑے گنبد اور آٹھ چھوٹے گنبدوں کی بحالی و تزئین و آرائش کا کام تیز کرتے ہوئے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:داتا دربار پولیس کی کارروائی، دو رکنی متحرک ڈکیت گینگ گرفتار
نبیل جاوید نے آرائشی ماربل کی محرابوں، پھولوں کے نقش و نگار، جالیوں، خطاطی اور دیگر تزئینی کاموں کی تیاری و تنصیب میں تیزی لانے کے لیے تمام 21 سی این سی مشینیں فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت صرف چار سے چھ مشینیں کام کر رہی ہیں۔
ماربل کے معیار اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق تیاری یقینی بنانے کے لیے ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں محکمہ اوقاف، نیسپاک، مدینہ فاؤنڈیشن اور متعلقہ تعمیراتی ادارے کے نمائندگان شامل ہیں۔ کمیٹی کو تین روز کے اندر معیاری ماربل کا انتخاب مکمل کرکے کٹنگ اور سی این سی پراسیسنگ شروع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی منصوبے کے تمام مراحل کے لیے واضح ٹائم لائن پر مشتمل دستخط شدہ شیڈول بھی پیش کرے گی۔اجلاس میں خواتین زائرین کی سہولت کے لیے مخصوص راستہ کھولنے کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔ اس سہولت سے خواتین زائرین کی آمد و رفت آسان ہوئی ہے اور زائرین کی جانب سے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ
اس موقع پر سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے منصوبے کے مختلف تعمیراتی اور تزئینی مراحل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں مرکزی گنبد کے بیرونی حصے پر نصب سبز ٹائلوں اور آٹھ چھوٹے گنبدوں کی سفید ٹائلوں میں دراڑوں، ماربل کی فراہمی میں سست روی، فریسکو ورک، برقی تنصیبات، روشنیوں، فرش، نکاسی آب اور دیگر زیر التوا امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی اور تزئینی کام منظور شدہ ڈیزائن، مطلوبہ معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے زائرین کو بہتر سہولیات اور آرام و آسائش میسر آئے گی، جبکہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عظیم روحانی و تاریخی ورثے کی تعمیراتی خوبصورتی، تاریخی اہمیت، عظمت اور تقدس کو بھی برقرار رکھا جا سکے گا۔











