وہاڑی(پنجاب پوسٹ)بورے والا کے نواحی گاؤں میں غیرت کے نام پر قتل کی دل دہلا دینے والی واردات پیش آئی ہے، جہاں بھائی نے مبینہ طور پر سرِ بازار فائرنگ کر کے اپنی شادی شدہ بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ ساہوکا کی حدود میں واقع گاؤں 319 ای بی میں پیش آیا، جہاں عرفان نامی شخص نے مبینہ طور پر اپنی شادی شدہ بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا شوہر اپنی بیوی کو ساتھ لے کر صلح صفائی کے لیے ملزم بھائی کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں ملزم نے سرِ بازار فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ ملزم کو مبینہ طور پر اپنی بہن کے کردار پر شک تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ساہوکا پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ ملزم عرفان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔










