لاہور (پنجاب پوسٹ) سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے داتا دربار میگا پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ داتا دربار میگا پراجیکٹ کو عالمی تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا، جبکہ زائرین کو جدید سہولیات اور آسان آمدورفت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں روزانہ 10 منٹ کا کوئیک ٹیسٹ اور ماہانہ اسیسمنٹ لازمی قرار
ڈاکٹر احسان بھٹہ کے مطابق داتا دربار کے اطراف پیزا، پارکنگ، انڈر پاسز، واش رومز اور لائٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی اقدامات سے علاقے کا منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے ہجویری ہال کی سلیب کا کام جلد مکمل کرنے اور خواتین کے احاطے سمیت دیگر تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ ٹیپا، ایل ڈی اے اور محکمہ بلڈنگ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ منصوبے کی پیش رفت کا ہر پندرہ روز بعد جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تعمیراتی معیار اور حفاظتی تقاضوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔











