لاہور (پنجاب پوسٹ) آلودگی والے علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایات پر ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کی زیر نگرانی لاہور میں اینٹی اسموگ گنز کا آپریشن جاری ہے۔ فضائی آلودگی کی مانیٹرنگ ریڈنگز کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں مشینری تعینات کی جا رہی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق اینٹی اسموگ گنز کو ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے جہاں فضائی آلودگی کی ریڈنگز زیادہ ریکارڈ ہو رہی ہیں۔ خصوصاً ایسے مقامات جہاں PM10 (Particulate Matter 10) کی سطح بلند ہو، وہاں صورتحال کے مطابق اینٹی اسموگ گنز تعینات کی جاتی ہیں تاکہ سڑکوں اور اطراف میں موجود گرد و غبار کے ذرات کو دبایا جا سکے اور ان کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑٖھیں:سموگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ہزار 675 ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی
ممبر آپریشنز و فوکل پرسن محکمہ ماحولیات ساجد بشیر نے کہا کہ اینٹی اسموگ گنز کی تعیناتی کسی ایک مقام تک محدود نہیں بلکہ فضائی آلودگی کی مانیٹرنگ ریڈنگز کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ جس علاقے میں AQI ریڈنگ زیادہ ہو، بالخصوص جہاں PM10 کی سطح بلند ہو، وہاں ترجیحی بنیادوں پر اینٹی اسموگ گنز تعینات کی جاتی ہیں۔ساجد بشیر کے مطابق متعلقہ ٹیمیں مختلف مقامات کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں اور ضرورت کے مطابق مشینری ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل کی جا رہی ہے۔
23 اکتوبر کو اب تک اینٹی اسموگ گنز قائداعظم کیمپس، بیکھے وال، مسلم ٹاؤن، مولانا شوکت علی روڈ، گلبرگ، STEDX کمپلیکس، ڈاکٹرز ہسپتال، مین ملتان روڈ، جیل روڈ/جناح ٹاؤن، پاسکو سوسائٹی، ڈیفنس چوک، ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، NLC کمپلیکس، ایوانِ اقبال، شاہراہِ قائداعظم، غازی روڈ، UET جی ٹی روڈ، DHA فیز 1، کاماہا اسٹیشن، حاجی کیمپ، شالیمار باغ، چونگ پولیس ٹریننگ سینٹر، ڈیٹا دربار روڈ، LUMS/DHA فیز 2، ڈیرا گجر، لاہور جنکشن/سوامی نگر، میٹرو بس اسٹیشن جنرل ہسپتال، DHA فیز 5، بھٹی چوک، بیڈین روڈ اور علامہ اقبال روڈ سمیت متعدد مقامات پر چلائی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑٖھیں:لاہور: صوبہ بھر میں سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیاں تیز
محکمہ ماحولیات کے مطابق اینٹی اسموگ گنز کا آپریشن لاہور کے مختلف حصوں میں جاری ہے اور فضائی آلودگی کی صورتحال کے مطابق مزید مقامات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ مانیٹرنگ ریڈنگز کی بنیاد پر زیادہ آلودگی والے علاقوں میں کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ گرد و غبار اور PM10 سمیت معلق ذرات کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی کے خلاف کارروائیاں مانیٹرنگ ریڈنگز اور صورتحال کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں گی۔











