لاہور (پنجاب پوسٹ) فضائی آلودگی پر قابو پانے اور سموگ کے مضر صحت اثرات سے بچاؤ کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے مؤثر صفائی انتظامات کا مشن تیز کر دیا۔ شہر بھر میں صاف ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کی زیر صدارت آپریشن ٹیموں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی سی ای او سروسز الطاف انصاری، ڈپٹی سی ای او آپریشنز مبین احسن، نعمان محمود اور تمام فلیٹ منیجرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صفائی آپریشنز اور سموگ سے بچاؤ کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے ہدایت کی کہ شہر بھر کی شاہراہوں پر دن اور رات دونوں شفٹوں میں واشنگ یقینی بنائی جائے جبکہ واشر رکشوں کو ہر یونین کونسل کی گلیوں اور محلوں میں پانی کے چھڑکاؤ پر مامور کیا جائے۔ انہوں نے شہر بھر میں سڑکوں کے کناروں پر سکریپنگ اور ویٹ سویپنگ کے عمل کو بھی مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس میں فیلڈ اسٹاف کی حاضری اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سی ای او نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں ورکرز کی سو فیصد حاضری یقینی بنائی جائے اور اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کے ساتھ مل کر مارکیٹوں اور کمرشل ایریاز میں صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے لاہور کی تمام یونین کونسلز میں سو فیصد ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔











