کھاریاں: دولت نگر میں گلا کٹی لاش کا معاملہ حل، سگے بھائی نے گھریلو تنازع پر بھائی کو قتل کر دیا

گجرات (پنجاب پوسٹ) تفصیلات کے مطابق 17 اکتوبر 2026 کو روپیری کے رہائشی خالد محمود نے تھانہ دولت نگر پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا 24 سالہ بیٹا محمد سفیان کام کے سلسلے میں گجرات گیا تھا، تاہم شام تک گھر واپس نہیں آیا۔ اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی تو رات تقریباً 9 بجے دریکڑی روڈ پر موٹروے کے زیرِ تعمیر پل کے قریب سڑک کنارے محمد سفیان کی خون میں لت پت گلا کٹی لاش ملی۔ مقتول کی موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی غائب تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اعظم کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ دولت نگر سب انسپکٹر احسان لطیف اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی، جس کے نتیجے میں مقتول کے سگے بھائی محمد بلال کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کی منصوبہ بندی سعودی عرب میں کی۔ دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب میں مقیم تھا اور گھریلو تنازع پر اپنے بھائی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا کر کسی کو اطلاع دیے بغیر پاکستان پہنچا۔

ملزم نے اپنے بھائی محمد سفیان کو واٹس ایپ پر کال کرکے گجرات بلایا اور اسے بتایا کہ اس کے لیے ایک سرپرائز ہے اور اسے کسی خاص شخص سے ملوانا ہے۔ محمد سفیان گجرات پہنچا تو وہاں اس کا بھائی بلال موجود تھا۔ دونوں نے اکٹھے کھانا کھایا اور شام کے وقت گھر واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دریکڑی روڈ پر پہنچ کر ملزم نے رفع حاجت کے بہانے موٹرسائیکل رکوائی اور موقع ملتے ہی چھری سے اپنے بھائی کی گردن پر وار کرکے اسے قتل کر دیا۔ بعدازاں لاش سڑک کنارے پھینک دی اور واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے مقتول کا موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی اپنے ساتھ لے گیا۔

ملزم نے مبینہ طور پر موٹرسائیکل کوٹلہ میں پنجاب موٹر کے باہر کھڑی کی اور لاہور فرار ہوگیا۔ قتل کے بعد اس نے اہل خانہ کے سامنے لاعلمی کا ڈرامہ بھی کیا۔ بھائی کے قتل کی اطلاع ملنے پر اس نے بظاہر دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے کہا کہ اس کے سعودی عرب سے گھر پہنچنے تک تدفین نہ کی جائے۔ اس نے جنازے کا وقت بھی تاخیر سے رکھوایا اور گاؤں پہنچ کر اپنے ہی بھائی کے جنازے اور تدفین میں شرکت کی تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔

تاہم گجرات پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش اور تکنیکی شواہد نے ملزم کی مبینہ چال ناکام بنا دی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے