لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں لوکل روڈ پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکوں کے معیار کی جانچ تھرڈ پارٹی سے کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس میں سڑکوں کے معیار اور تعمیراتی کاموں کی جانچ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز اور رمز (RAMS) کے افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کے مطابق سڑکوں کے معیار کی جانچ کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ نارتھ زون میں دو، سینٹرل زون میں ایک اور ساؤتھ زون میں دو ٹیمیں کام کریں گی۔
جانچ کے دوران سڑکوں کی سطح اور اندرونی حصوں کے ٹیسٹ، تعمیراتی مواد کے لیبارٹری ٹیسٹ، مواد کے معیار اور سائن بورڈز کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سڑکوں کا اسٹرکچر انوینٹری سروے اور جی پی ایس سروے بھی کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ تعمیر شدہ سڑکوں کی مقررہ لمبائی بھی چیک کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تھرڈ پارٹی جانچ مکمل کرنے کے لیے ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی۔











