لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت شرپسند، دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پنجاب پولیس کے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 37 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 19 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ مشتبہ افراد کے قبضے سے 102 کلاشنکوفیں، 3 ہزار 445 پستول، 281 بندوقیں، 311 رائفلیں، 92 ریوالور اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بس اڈوں، ہوٹلز اور سراؤں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔
آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔











