لاہور (پنجاب پوسٹ)تھانہ مناواں کے علاقے میں کھیتوں سے شہری روبن مسیح کی سر کٹی نعش ملنے کا معمہ حل کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اندھے قتل کی اس واردات میں ملوث دونوں مرکزی ملزمان، چچا اور بھتیجے، کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ڈی ایس پی انویسٹی گیشن باغبانپورہ سجاد احمد گورائیہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:قلعہ گجر سنگھ پولیس کی برق رفتار کارروائی، غیر ملکی سیاح کا موبائل 2 گھنٹے میں برآمد
ڈی ایس پی انویسٹی گیشن باغبانپورہ کے مطابق ملزمان نے غیرت کے نام پر روبن مسیح کو چھریوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ عاصم افتخار کمبوہ نے بتایا کہ ملزمان قتل کے بعد نعش کو کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔
ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کے مطابق مقتول نے 16/17 سال قبل مرکزی ملزم کی حقیقی والدہ سے شادی کر لی تھی، جس پر ملزمان اس سے رنجش رکھتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزمان اب پولیس کی گرفت میں ہیں اور مضبوط چالان مرتب کروا کر انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دریں اثنا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بی بی پاک دامن پولیس کی کارروائی، موٹرسائیکل چور و موبائل سنیچنگ گینگ گرفتار










