مناواں میں مبینہ اغواء کا ڈراپ سین، واقعہ خود ساختہ نکلا
لاہور( پنجاب پوسٹ ) مناواں میں مبینہ اغواء کا واقعہ خود ساختہ نکلا۔ پولیس کے مطابق ایک خاتون نے اپنے شوہر تیمور کے اغواء اور 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیے جانے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لیے ایس پی کینٹ کو خصوصی ٹاسک دیا۔
پولیس کے مطابق مبینہ اغواء کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں تیمور کو رسیوں سے بندھا ہوا دکھایا گیا تھا۔ مناواں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تیمور کو فیصل آباد سے تلاش کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوٹ ادو :5 لڑکیاں اغوا ،پولیس نےکیسےبازیاب کروائیں؟
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اغواء کا پورا واقعہ خود ساختہ تھا۔ پولیس کے مطابق تیمور نے سسرال والوں سے رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے اغواء کا منصوبہ بنایا اور مبینہ طور پر اغواء کی ویڈیوز اپنی اہلیہ کو بھی ارسال کیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔
مزید پڑھیں : اسلام آباد سے اغوا ہونے والی لڑکی لاہور پولیس نے کیسے بازیاب کروائی؟
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی اور متاثرہ افراد کی بروقت مدد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں : لاہور کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی سے شہری اغوا، تاوان کی کتنی رقم طلب کی گئی؟











