کوٹ ادو:(پنجاب پوسٹ) کوٹ ادو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی دو لڑکیوں کو 48 گھنٹوں کے اندر بحفاظت برآمد کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق دو روز قبل کوٹ ادو سے مظفر گڑھ جانے والی نور بی بی اور جویریہ بی بی لاپتہ ہو گئی تھیں، جس کے بعد واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی خصوصی ہدایات پر فوری کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ایس ایچ او سٹی کوٹ ادو رانا ہارون اختر اور انچارج جینڈر کرائم ونگ میڈم صائمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید تفتیشی ذرائع، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں لڑکیوں کو صرف 48 گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں لڑکیوں کو ضابطے کے مطابق معزز عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
ترجمان کوٹ ادو پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کی بروقت روک تھام کے لیے پولیس دن رات متحرک ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔










