لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں رنگ روڈ نادرن لوپ کے کیریج وے پر جاری تعمیراتی و مرمتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں رنگ روڈ اتھارٹی کے افسران نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نادرن لوپ کے مین کیریج وے پر سیل کوٹ کا کام جاری ہے، جبکہ سڑک کی بحالی اور پائیداری کے لیے بھی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سیوریج لائنوں کی تنصیب کے بعد سڑکوں کی بحالی میں تاخیر پر صوبائی وزیر بلال یاسین برہم
افسران نے مزید بتایا کہ قائداعظم روڈ سے ایل ای بی پی تک سروس روڈ کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ سروس روڈ بحالی منصوبے کے پیکیج ون، ٹو اور تھری کا سب بیس کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی اور سفری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام کام معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔









