ساہیوال( پنجاب پوسٹ ) جماعت اسلامی شعبہ خواتین ساہیوال نے پٹرولیم لیوی کو بھتہ قرار دیتے ہوئے 6 اگست کو ساہیوال میں قومی شاہراہ بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے ۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ساہیوال کی صدر کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، کچن سے لیکر کالج ، منڈی سے لیکر سڑک تک ہر قدم پر حکومت بھتہ لے رہی ہے۔
ساہیوال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی صدر کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں سالانہ بنیادوں پر بدترین اضافہ ہو رہا ہے ۔ گیس آئے روز مہنگی سے مہنگی ترین ہورہی ہے ۔ بجلی کے بل متوسط طبقے کیلئے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں ۔ اب خواتین کچن کا بائیکاٹ کرکے چوکوں اور چوراہوں پر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کریں گی ۔ خواتین کو چوڑیوں کے طعنے نہ دئیے جائیں وقت پڑنے پر حق لینے کیلئے وہ سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہیں ۔ انہیں دھمکیوں کا خوف ہے اور نہ ہی وہ ہتھکڑیوں سے ڈرتی ہیں ۔ مہنگائی ، بجلی و گیس کے بل اور پٹرولیم لیوی برداشت سے باہر ہوچکی ہے ، وقت آگیا ہے کہ خواتین کچن چھوڑ کر اپنے حق کیلئے سڑکوں پر نکلیں ۔
مزید پڑھیں : پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں، جماعت اسلامی کا 7 اگست کو سڑک بند احتجاج کا اعلان
جماعت اسلامی حلقہ خواتین ساہیوال کی صدر نے پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کا طوفان روکیں، عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : 7 اگست کو شاہراہیں بند کرنے کا اعلان، مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج
خواتین نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ اب ہم کچن میں نہیں سڑکوں پر فیصلے ہونگے ۔پیٹرول لیوی کے نام پر حکومت بھتہ وصول کررہی ہے۔
ضلعی صدر کے مطابق عوامی مسائل پر خاموشی قبول نہیں، ملک گیر احتجاج ہوگا،ساہیوال میں چھ اگست کو خواتین احتجاج کریں گی اگر مطالبہ منظور نہ ہوئے تو سات اگست کو قومی شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔
مزید پڑھیں : جماعت اسلامی 7 اگست کو پورے پاکستان کی گاڑیاں سڑکوں پر کیسے لائے گی؟ منصوبہ سامنے آگیا













