سرگودھا (پنجاب پوسٹ) تھانہ اربن ایریا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے روحانی پیشوا کا روپ دھار کر جنات نکالنے کے بہانے خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم قاری اسرار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم قاری اسرار کا متاثرہ خاندان سے پرانا تعلق تھا۔ اسی تعلق اور اعتماد کی بنا پر اہل خانہ نے اسے اپنے گھر بلایا۔ ملزم نے روحانی پیشوا کا بھیس اختیار کرتے ہوئے علاج اور جنات نکالنے کے بہانے خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ اربن ایریا پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق شواہد کو محفوظ بنانے اور تفتیش کو شفاف بنانے کے لیے متاثرہ خاتون اور گرفتار ملزم کا میڈیکل معائنہ اور ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جا رہا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "NEVER AGAIN” ویژن کے تحت خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں جو مذہب اور روحانیت کی آڑ میں سادہ لوح عوام کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جعلی پیروں، عاملوں اور نام نہاد روحانی معالجین سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ شخص کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔











