لاہور(پنجاب پوسٹ) سید مودودی اسلامک سنٹر میں جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں 7 اگست کو ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے کامیاب بنانے کے لیے مختلف اہداف مقرر کیے گئے۔
اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء ملک شاہد اسلم اور وقاص احمد بٹ، ڈپٹی سیکرٹریز راشد داؤد اور قیصر شریف، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور حمزہ بلال سمیت لاہور کے مختلف اضلاع اور زونز سے جے آئی یوتھ کے عہدیداران نے شرکت کی۔
شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ 7 اگست کے احتجاج میں لاہور بھر سے نوجوانوں کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں سمیت احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کی مہم تیز کی جائے، جبکہ تعلیمی اداروں، گلی محلوں اور بازاروں میں بھی عوامی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان ہی پرامن جدوجہد کے ذریعے نظام کو درست کرنے کی حقیقی طاقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے، جبکہ 7 اگست کا احتجاج طلبہ، بائیک سواروں، ڈیلیوری بوائز اور عام آدمی کے حقوق کی آواز بنے گا۔













