لاہور ( پنجاب پوسٹ) محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی، نگرانی اور عزادارانِ اہل بیتؑ کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں غیر معمولی انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔ گزشتہ آٹھ روز سے انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔
رواں سال پہلی مرتبہ محرم الحرام کے انتظامات اور سکیورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ صوبے میں نیا انتظامی و سکیورٹی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق تمام 4,836 امام بارگاہوں کو کیو آر کوڈ سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ منتظمین فوری رابطے اور معاونت حاصل کر سکیں۔
شدید گرمی اور حبس کے پیش نظر عزاداران کی سہولت کیلئے مختلف اضلاع میں اینٹی سموگ گنز اور خصوصی سپرنکلرز کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ جاری رکھا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال، ریسکیو اور رضاکار بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : محرم الحرام: لاہور پولیس کی 9 کنٹرول رومز سے سیکیورٹی کی 24 گھنٹے نگرانی
سکیورٹی پلان کے تحت صوبے بھر میں تھری ٹیئر سکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے اور 1 لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سکیورٹی معاونت کیلئے پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں طلب کی گئی ہیں جبکہ 30 ہزار 445 تربیت یافتہ رضاکار بھی انتظامیہ کے ساتھ موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے صوبے بھر میں 5 ہزار 623 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے فعال کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر 1000 سے زائد جدید 4جی ایونٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ صوبائی کنٹرول روم کو تمام اضلاع سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے اور لائیو و جیوٹیگڈ ویڈیو مانیٹرنگ جاری ہے۔
مزید پڑھیں : محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، سکیورٹی کیلئے سخت پابندیوں کا اعلان
نفرت انگیزی اور شرانگیز سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے سائبر پٹرولنگ یونٹ بھی فعال رکھا گیا ہے اور حکام کے مطابق اب تک 6 ہزار سے زائد قابل اعتراض سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مواد متعلقہ اداروں کو رپورٹ کیا جا چکا ہے۔
محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی، جلوسوں کے روٹس پر چھتوں پر کھڑے ہونے پر پابندی ہوگی جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور وال چاکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی نافذ رہے گی۔
حکام کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس و جلوس منعقد ہوں گے جن میں 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : پنجاب میں محرم سکیورٹی کیلئے 4500 امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، QR پینک بٹن سسٹم متعارف












