پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “محفوظ پنجاب” وژن کے تحت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے Punjab Safe Cities Authority نے صوبے بھر میں 4 ہزار 500 سے زائد امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کرتے ہوئے ایک جامع ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تیار کر لیا ہے۔پہلی بار امام بارگاہوں پر QR پینک بٹن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کی جا سکے گی۔ QR کوڈ اسکین کرنے پر متعلقہ امام بارگاہ کی لوکیشن، کیٹگری اور انتظامیہ کی مکمل تفصیلات فوری طور پر دستیاب ہوں گی، جبکہ اس سسٹم کے ذریعے 15 ایمرجنسی کال، لائیو چیٹ اور ویڈیو کال جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، سکیورٹی کیلئے سخت پابندیوں کا اعلان
یہ جدید نظام ہنگامی حالات میں امام بارگاہ انتظامیہ اور سیف سٹی کنٹرول روم کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرے گا، جس سے فوری رسپانس اور بروقت کارروائی ممکن ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید جیو میپنگ اور اسمارٹ سرویلنس کے ذریعے سکیورٹی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی حفاظت اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، جبکہ Punjab Safe Cities Authority کے ایم ڈی احسن یونس کے مطابق جدید ڈیجیٹل سکیورٹی سلوشنز کے ذریعے پورے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں سمارٹ سیف سٹی کنٹرول رومز سے 24 گھنٹے نگرانی جاری رہے گی تاکہ جلوسوں اور مجالس کی مکمل نگرانی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔














