قصور:(پنجاب پوسٹ) کے علاقے اسٹیل باغ چوک میں قائم نجی اسپتال میں مبینہ غیر قانونی گردہ پیوندکاری کے معاملے میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسپتال پر چھاپہ مارا، جہاں ایک خاتون کو آپریشن کے دوران بے ہوش حالت میں پایا گیا۔
مقدمے میں درج تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ سکینہ بی بی کو گردہ ٹرانسپلانٹ کے لیے نجی اسپتال لایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون آپریشن تھیٹر کے ساتھ واقع ایک کمرے میں زیر علاج تھی اور اس کے پیٹ پر تازہ آپریشن کے نشانات بھی موجود تھے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران اسپتال سے منسلک متعدد افراد موقع سے فرار ہوگئے، تاہم نوید، شہباز اور سید عمار نامی تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار افراد خاتون کے ہمراہ موجود تھے اور ابتدائی تحقیقات میں ان کا تعلق مبینہ گردہ ٹرانسپلانٹ نیٹ ورک سے جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اسپتال کے باہر کھڑی ایک گاڑی سے آپریشن میں استعمال ہونے والا طبی سامان، ادویات اور دیگر آلات بھی برآمد ہوئے۔ گاڑی کو قبضے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
مقدمے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ اسپتال میں گردوں کی مبینہ غیر قانونی پیوندکاری کا منظم نیٹ ورک کام کر رہا تھا۔ محکمہ صحت کے نمائندوں نے موقع پر موجود ریکارڈ اور سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد اسپتال کو سیل کر دیا۔
دوسری جانب تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر انسانی گردہ بھی برآمد ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھجوا دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ گردہ متاثرہ خاتون کا ہے یا کسی اور شخص کا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ انسانی اعضا کی پیوندکاری سے متعلق قانون (Human Organs & Tissues Transplantation Act) اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ڈاکٹروں، اسپتال انتظامیہ اور فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
ادھر مقدمے کے اندراج کے باوجود یہ سوال برقرار ہے کہ ایف آئی آر میں اسپتال مالکان اور متعلقہ ڈاکٹروں کو براہِ راست نامزد کیوں نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس پہلو پر بھی تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ شواہد کی روشنی میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔











2 پر “قصور: نجی اسپتال میں مبینہ غیر قانونی گردہ پیوندکاری کا بھانڈا پھوٹ گیا” جوابات
[…] یہ بھی پڑھیں:قصور: نجی اسپتال میں مبینہ غیر قانونی گردہ … […]
[…] یہ بھی پڑھیں: قصور: نجی اسپتال میں مبینہ غیر قانونی گردہ… […]