پنجاب میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری بے نقاب، پی آر اے کا ہوٹلز، فوڈ چینز اور شاپنگ مالز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

پنجاب :(پنجاب پوسٹ)میں سروسز ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کی ممکنہ ٹیکس چوری کے انکشاف کے بعد پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے نادہندگان، بے ضابطگیوں اور مالی خردبرد میں ملوث کاروباری اداروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی کارروائیوں میں 8 معروف فاسٹ فوڈ چینز سمیت 12 فوڈ پوائنٹس اور 4 پراپرٹی ڈویلپرز کو تحقیقات کے دائرے میں لایا گیا ہے۔پی آر اے کے مطابق لاہور میں مختلف فاسٹ فوڈ اور دیسی فوڈ چینز کے مالیاتی ریکارڈ، سیلز ڈیٹا اور ٹیکس گوشواروں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض اداروں کی جانب سے جمع کروائے گئے ٹیکس گوشواروں اور اصل کاروباری ریکارڈ میں نمایاں تضادات پائے گئے ہیں، جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے کہا کہ عوام سے وصول کیا جانے والا سروسز ٹیکس سرکاری امانت ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی خردبرد، جعلسازی یا بددیانتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو کاروباری ادارے صارفین سے ٹیکس وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروا رہے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔پی آر اے حکام کے مطابق ٹیکس ریکارڈ میں ردوبدل، غلط بیانی، جعلی اندراجات اور ڈیجیٹل ڈیٹا میں ہیرا پھیری کرنے والے عناصر پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے جبکہ قانون کے مطابق ان کا احتساب بھی کیا جائے گا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹیکس نظام میں شفافیت لانے اور حکومتی محصولات میں اضافہ کرنے کے لیے نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے۔چیئرمین پی آر اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ریسٹورنٹ، ہوٹل، کافی شاپ، شاپنگ مال یا دیگر سروس فراہم کرنے والے ادارے سے خریداری یا سروس حاصل کرنے کے بعد پی آر اے سے منسلک باقاعدہ کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کا یہ تعاون ٹیکس چوری کی روک تھام اور سرکاری محصولات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔


پی آر اے نے عندیہ دیا ہے کہ صوبے بھر میں ٹیکس چوری، مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری محصولات میں خردبرد کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ ٹیکس نظام کو شفاف، مؤثر اور عوامی اعتماد کے مطابق بنایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے