ساہیوال (پنجاب پوسٹ) چیچہ وطنی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انفارمیشن سیکرٹریز کا ایک اہم اور نظریاتی اجلاس چیمہ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت انفارمیشن سیکرٹری پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب شہزاد سعید چیمہ نے کی۔
اجلاس میں موجودہ دور میں میڈیا، بالخصوص سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ شہزاد سعید چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں سوشل میڈیا ایک مؤثر ہتھیار بن چکا ہے جو سیاسی منظرنامے میں عوام تک تیز ترین اور مؤثر انداز میں پیغام پہنچانے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روایتی سیاست کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر متحرک ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ پارٹی کے نظریات اور پیغام کو نچلی سطح تک پہنچانا انفارمیشن سیکرٹریز کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے افکار کو عام کرنا پارٹی کارکنوں کا مشن ہونا چاہیے۔
اس موقع پر چوہدری ندیم خالد نے کہا کہ کسی بھی تنظیم میں انفارمیشن سیکرٹری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی صلاحیتوں کا امتحان مشکل حالات میں ہوتا ہے۔
اجلاس میں ضلعی انفارمیشن سیکرٹری خالد مقبول کنگ، مہر ندیم، فہد سلیم، کاشف اسلم، چوہدری بابر گجر، راجہ عمران شہزاد سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔













