ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا ملتان اور جھنگ روڈ پر بڑا آپریشن، جعلی آئل اور ملاوٹ شدہ دودھ تلف، معروف ڈیری یونٹ سیل


ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے فوڈ میں ملاوٹ اور انسانی صحت سے کھیلنے والے مافیا کے خلاف ملتان روڈ اور جھنگ روڈ پر بڑا کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
آپریشن کے دوران 15 ہزار 285 لیٹر جانوروں کی چربی اور آلائشوں سے تیار کیا گیا آئل برآمد ہوا جسے انسانی استعمال کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا۔ اسی طرح 2 ہزار لیٹر جعلی اور ملاوٹ شدہ دودھ بھی ضبط کرکے تلف کیا گیا۔کارروائی میں ایک معروف ڈیری یونٹ کی پروڈکشن مکمل طور پر بند کر دی گئی جبکہ 8 ہزار خالی بوتلیں اور پیکنگ کا دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔


ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سپلائر ٹینکرز کے ذریعے جانوروں کی چربی سے تیار کردہ آئل کی ترسیل جاری تھی، جو مختلف مقامات پر سپلائی کیا جا رہا تھا۔ مزید یہ کہ ناقابل استعمال اور فنگس زدہ الائچی، ملاوٹ شدہ چینی اور مصنوعی مٹھاس سے دودھ کی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں۔
سٹور ایریا میں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پائی گئی جہاں چوہوں کی باقیات اور حشرات کی موجودگی بھی ریکارڈ کی گئی، جو انتہائی غیر صحت بخش ماحول کی نشاندہی کرتی ہے۔


فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ کے پاس لازمی ریکارڈ اور ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ملاوٹ مافیا اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دن رات فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ خوراک کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی مشکوک خوراک یا ملاوٹ کی شکایت فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر درج کروائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے