لاہور (پنجاب پوسٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے پر 19 جون کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 10 یا 15 روپے کمی کافی نہیں، بلکہ فوری طور پر پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر تک لائی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو آئندہ تین سال کے لیے منجمد کیا جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، تاہم حکومت عوام کو اس کا فائدہ منتقل کرنے کے بجائے فی لیٹر پٹرول پر لیوی سمیت تقریباً 150 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے، جن میں 116 روپے لیوی شامل ہے۔
انہوں نے حکومت سے پٹرول پر عائد لیوی میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غریب اور متوسط طبقے کے عوام مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی جانی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 19 جون کو ملک بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے مہنگائی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔











ایک تبصرہ برائے “پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے پر جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان”
[…] […]