لاہور( پنجاب پوسٹ ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 ہزار 755 کلو گرام مردہ مرغیاں تلف کر دیں جبکہ 14 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 30 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ حکام کے مطابق سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر متعدد کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد،کھانوں کے نام پر زہر ، فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،مختلف ہوٹلز میں چوہوں کی بھرمار ،70 من گوشت تلف ، 888 فوڈ پوائنٹس پر جرمانہ
فوڈ اتھارٹی نے ٹولنٹن مارکیٹ میں علی الصبح چکن سپلائرز کی خصوصی جانچ پڑتال کی، جہاں ویٹرنری ماہرین کے معائنے کے بعد 3 ہزار 755 کلو مردہ مرغیوں کو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دے کر تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مختلف فوڈ پوائنٹس پر بلیوں، مکھیوں اور مچھروں کی موجودگی، صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود فریزرز اور بدبودار ماحول پایا گیا، جس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : عید الاضحیٰ کے بعد جانوروں کی چربی کا مجرمانہ استعمال ، فوڈ اتھارٹی نے کیا کارروائی کی؟
سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک کے کاروبار سے وابستہ تمام افراد کے لیے قوانین پر عملدرآمد لازمی ہے اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں معروف فوڈ چینز اور خوراک کے مراکز کی سرپرائز چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔










