خانیوال (پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جانوروں کی آلائشوں سے چربی تیار کرنے والے ایک غیر قانونی فیٹ رینڈرنگ یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 من سے زائد غیر معیاری چربی اور دیگر سامان ضبط کر لیا، جبکہ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے پروڈکشن بند کر دی گئی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر چک نمبر 133 میں قائم یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔
معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ یونٹ مالکان کے پاس محکمہ ماحولیات کا این او سی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لائسنس موجود نہیں تھا۔
حکام کے مطابق جانوروں کی چربی میں لازمی فیٹ سالیوبل ڈائی بھی شامل نہیں کی گئی تھی، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 3 من غیر معیاری چربی اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ خوراک کی تیاری اور ترسیل میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔










