وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب بھر میں دیوالی کی رنگا رنگ تقریبات، رحیم یار خان میں 4 اور لاہور میں 6 نومبر کو خصوصی پروگرام ہوں گے

لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب بھر میں دیوالی کی رنگا رنگ تقریبات منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں 4 نومبر کو دیوالی میلے کی شاندار تقریب منعقد ہوگی، جبکہ لاہور میں 6 نومبر کو رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان سمیت ملحقہ علاقوں کی ہندو برادری کو رحیم یار خان کے دیوالی میلے میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں خوش آمدید کہا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے ہندو برادری کے ساتھ دیوالی منانے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن "اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں” کے تحت اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، اور گزشتہ ڈھائی سال کے دوران کیے گئے اقدامات اسی وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باعث پنجاب میں بسنے والی اقلیتیں خود کو محفوظ سمجھتی ہیں۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ دیوالی خوشیوں، محبت اور روشنیوں کا تہوار ہے اور پاکستان کی جانب سے دنیا بھر کو امن کا پیغام دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے اور ہندو برادری سمیت تمام اقلیتیں ملک کا اہم حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیوالی کا تہوار پاکستان کے امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دنیا تک پہنچانے کا موقع ہے۔ ان تقریبات کے ذریعے محبت، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی امن، محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے