لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پنجاب بھر میں جاری ہے، جس کے تحت اب تک 96 لاکھ 68 ہزار 758 شہریوں کی کامیاب رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ شہریوں کو 3 کروڑ 50 لاکھ 26 ہزار 159 ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 3 کروڑ 28 لاکھ 80 ہزار 204 ٹوکن ریڈیم ہو چکے ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب افتخار علی سہو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد اپنی رجسٹریشن کروا کر وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے استفادہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 6 ہزار سے زائد پٹرول پمپس فعال اور فیلڈ ویریفائیڈ ہیں جبکہ انسپکشن ٹیمیں پٹرول پمپس کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔
افتخار علی سہو کے مطابق عوام کی سہولت اور رہنمائی کے لیے پٹرول پمپس پر ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پٹرول پمپس مالکان کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اسکیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں اور شہریوں کو سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے خبردار کیا کہ سبسڈی والا پٹرول فراہم کرنے سے انکار کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے پنجاب بھر کے متعلقہ فیلڈ افسران پوری طرح متحرک ہیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ اس سہولت سے مستفید ہونا چاہیے۔










