لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی خدمات کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہونے پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس کو مبارکباد دی ہے۔ محمد احسن یونس نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آئی جی پنجاب سے ملاقات کی، جس میں سیف سٹیز اتھارٹی کی عالمی کامیابیوں اور جدید پولیسنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا عالمی ایوارڈ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کا نتیجہ ہے۔ جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمات کی فراہمی کے شعبے میں عالمی اعزازات پنجاب پولیس کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ سیف سٹیز اتھارٹی کی شاندار کامیابی دیگر پولیس یونٹس اور فارمیشنز کے لیے بھی قابلِ تقلید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس کی قیادت میں ادارے نے جدید پولیسنگ کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق محمد احسن یونس نے گزشتہ دنوں امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ عالمی پولیس کانفرنس کے دوران ایوارڈ وصول کیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو IACP Leadership in the Prevention of Vehicle Crimes Award 2026 سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز گاڑیوں کی چوری اور متعلقہ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر دیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے کہا کہ سیف سٹی کے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید سیکیورٹی سسٹمز اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ ماڈل کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی معیار کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔










