لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے (H.E. Jean-Noël Poirier) نے اہم ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے فرانسیسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا، لاہور آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سفیر کی سفارتی خدمات کو بھی سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پنجاب اور فرانس کے درمیان باہمی تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا اور پاکستان و فرانس کے تعلقات کو طویل المدتی اور مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے فرانس کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز شریف نے پنجاب میں این ٹی ڈی سی (NTDC) کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ سٹیشنوں کے لیے 180 ملین یورو قرض فراہم کرنے پر بھی فرانس کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا میڈیکل ایمرجنسی میں شہریوں کی سہولت کیلئے ایک اور اہم اقدام
ملاقات میں جی ایس پی پلس کے امور پر خصوصی گفتگو ہوئی اور پاکستان کی برآمدات کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور پنجاب کی صنعتی معیشت کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے اور یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی شراکت دار ہے اور 2025-26 میں پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات کا حجم تقریباً 8.96 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ ان کے مطابق ٹیکسٹائل، ملبوسات، کھیلوں کے سامان اور چمڑے کی صنعت کے لیے جی ایس پی پلس کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ نئے جی ایس پی پلس نظام کے تقاضوں سے ہم آہنگی پاکستان کے برآمدی مستقبل کے لیے اہم ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے معاملے پر فرانس کا تعاون بے حد اہمیت کا حامل ہے اور یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ فرانس ماضی میں وزارتی سطح پر پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے مستقبل کے لیے فرانس کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط اور مؤثر مکالمہ ضروری ہے، اور پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تجارتی روابط مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پیوٹ (PIVOT) کے تحت پنجاب میں زراعت، انڈسٹری اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پیوٹ کے ذریعے فرانس کے ساتھ صوبائی سطح پر براہِ راست روابط مضبوط بنا کر صنعتی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن ویسٹ واٹر گورننس پراجیکٹ کے لیے بھی فرانسیسی سرمایہ کاروں کو دعوت دی۔
مریم نواز شریف نے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی ڈیری، فوڈ پروسیسنگ اور کولڈ چین فرمیں زراعت میں ویلیو ایڈیشن بڑھا سکتی ہیں۔ فرانسیسی یوٹیلیٹیز پی پی پی ماڈل کے تحت شہروں کے پانی، گندے پانی اور سالڈ ویسٹ کی خدمات میں شراکت کر سکتی ہیں، جبکہ فرانسیسی توانائی کمپنیاں صنعتی اسٹیٹس میں سولر، گرڈ اور توانائی کی بچت کے منصوبوں میں شامل ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیوٹ کے صنعتی کلسٹرز کے لیے فرانسیسی ادارے پنجاب کی افرادی قوت کو تربیت دینے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور فرانس دہائیوں کی دوستی کا اشتراک رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1789 کے انسانی حقوق کے فرانسیسی اعلامیے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دنیا کو آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا پائیدار منشور دیا۔ انہوں نے فلسطین کو تسلیم کرنے اور انصاف و مساوی حقوق کے لیے فرانس کے اصولی مؤقف کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے فرانس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔











