لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان پولیس کے سالانہ سپورٹس ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد نے پولیس کے انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سالانہ مقابلوں کے انعقاد کیلئے ہدایات جاری کردیں۔ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ٹریننگ کیمپس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں پیٹرن پاکستان پولیس کرکٹ ایڈیشنل آئی جی عمران محمود، چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل، معروف کرکٹر کامران اکمل کی شرکت کی۔ترجمان پنجاب پولیس اطہر اسماعیل کے مطابق کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلوں کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا گیا۔
لاہور سمیت تمام اضلاع اور یونٹس کے مابین کرکٹ و دیگر کھیلوں کے سالانہ ٹورنامنٹس 29 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہیں گے۔چیف سپورٹس آفیسر کا کہنا ہے کہ ضلع، ریجن ، یونٹ اور بین الصوبائی سطح پر ہونے والے مقابلوں کی بنیاد پر پولیس کی نیشنل ٹیمیں بنائی جائیں گی۔
کھیلوں میں کرکٹ، آرچری ،بیس بال ، اتھلیٹکس ، باکسنگ ، کبڈی ،باڈی بلڈنگ ، ویٹ لفٹنگ، ہاکی سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔انٹر ڈیپارٹمنٹ و بین الصوبائی ٹورنامنٹس کے ذریعے بہتر سے بہتر کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ہر کھیل کی پولیس ٹیم بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: بچوں کی صحت مند سرگرمیوں کا فروغ، کنگسٹن کالج میں سپورٹس اولمپیاڈ کا انعقاد
پولیس کی ٹیمیں قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔پولیس ٹیم کے کھلاڑی ہر کھیل میں پاکستان کی قومی ٹیم میں اپنی جگہ بناسکیں گے۔پاکستان پولیس کا سپورٹس کیلنڈر اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ منسلک ہے، تمام اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ بھی جاری رہے گا۔









