لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈیفنس بی کے علاقے میں ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی بہن ٹک ٹاکر سمعیہ مبارک کو مبینہ پروٹوکول دینے اور چھوڑنے کے واقعے کی انکوائری مکمل کر لی گئی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث دو پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا، جبکہ انسپکٹر محمد بلال کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد ایس ایچ او ڈیفنس بی، لیڈی کانسٹیبل اور محرر کو معطل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں معاملے کی محکمانہ انکوائری مکمل کی گئی، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل محمد مبشر کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لیڈی کانسٹیبل گلناز کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث دیگر اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق انسپکٹر محمد بلال کے خلاف چارج شیٹ اور انکوائری رپورٹ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ ڈویژن نے انسپکٹر محمد بلال کے خلاف کارروائی کے لیے معاملہ اعلیٰ حکام کو بھجوا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسپکٹر محمد بلال کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ مجاز اتھارٹی کرے گی۔








