پنجاب پولیس میں اشتہار کے بغیر بھرتیاں، ویٹنگ لسٹ سے بھرتی ہونے والے 2650 کانسٹیبل پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس میں اشتہار کے بغیر ویٹنگ لسٹ سے بھرتی ہونے والے ساڑھے 26 سو کانسٹیبل پانچ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور دیگر الاؤنسز کی عدم ادائیگی پر متعدد کانسٹیبلز نے عدالتوں سے بھی رجوع کر لیا ہے، جبکہ معاملے کی منظوری کے لیے آئی جی آفس نے سمری صوبائی حکومت کو بھجوا دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سابقہ بھرتی کے دوران چار ہزار سے زائد امیدواروں کو میرٹ پر پورا اترنے کے بعد پولیس میں ملازمت دی گئی تھی، جبکہ فزیکل اور تحریری ٹیسٹ سمیت انٹرویو پاس کرنے کے باوجود ملازمت نہ ملنے والے ہزاروں امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ایم پی اور سی سی ڈی میں کانسٹیبلز کی بھرتی کے لیے دوبارہ مکمل عمل شروع کرنے کے بجائے ویٹنگ لسٹ میں موجود امیدواروں کو کانسٹیبل کی آسامیوں پر بھرتی کر لیا گیا۔ تاہم، ویٹنگ لسٹ سے بھرتی ہونے والے ان اہلکاروں کی تنخواہیں اور دیگر الاؤنسز گزشتہ کئی ماہ سے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کی جانب سے جاری نہیں کیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ویٹنگ لسٹ کے امیدواروں کی بھرتی کے لیے اسٹینڈنگ آرڈر میں ترامیم تو کیں، تاہم ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ کو اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی آفس نے معاملے کی منظوری کے لیے سمری صوبائی حکومت کو بھجوا دی ہے۔ اب صوبائی کابینہ کے فیصلے کے بعد مذکورہ کانسٹیبلز کی تنخواہوں اور مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے