گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران 2 خطرناک بین الاضلاعی ڈاکو ہلاک جبکہ 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق تھانہ صدر وزیر آباد کی حدود میں پولیس ناکے پر مقابلہ ہوا۔ گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد اور جھنگ میں ڈکیتی، راہزنی، چوری، پولیس مقابلوں اور گجرات میں شہری کو دورانِ واردات قتل کرنے سمیت 55 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو محمد عمران اور محمد یاسین اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ناکے پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا، جبکہ ساتھی ملزمان فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزمان سی سی ڈی کانسٹیبل کے والد کو دورانِ واردات قتل کرنے میں بھی ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم سیاہ،حافظ آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجتی کیلئے یوم سیاہ کی تقاریب
تھانہ سٹی وزیر آباد پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم شکیل احمد کو پولیس ناکے سے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے منشیات برآمد ہوئی۔ ایک اور کارروائی میں تھانہ تتلے عالی پولیس نے چوری کے 11 مقدمات میں مطلوب ملزم غلام عباس کو پولیس ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس سے بلا نمبری موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او وزیر آباد کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او نے کہا کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔








