لاہور (پنجاب پوسٹ) وحدت کالونی سے چار سال قبل لاپتہ ہونے والی خاتون نرگس بی بی کو انویسٹی گیشن پولیس نے ضلع بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد سے بازیاب کروا لیا۔ خاتون کے شوہر نے 2022 میں اپنی بیوی کے اغواء کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کروایا تھا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے طویل عرصے سے لاپتہ خاتون کی بازیابی کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کو خصوصی ٹاسک دیا تھا۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ وحدت کالونی جمشید اسلم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے نرگس بی بی کو منچن آباد سے بازیاب کروایا۔ انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق خاتون کی بینائی کمزور تھی اور وہ اکیلی گھر سے اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے نکلی تھیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کے مطابق نرگس بی بی کی بازیابی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلی جنس سے مدد لی گئی۔ پولیس ٹیم نے مختلف پہلوؤں پر کام کرتے ہوئے خاتون کا سراغ لگایا اور انہیں بحفاظت بازیاب کروایا۔
خاتون کی بحفاظت بازیابی پر ان کے اہل خانہ نے انویسٹی گیشن پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ انویسٹی گیشن پولیس لاہور کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔









