لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب کے سیکرٹری داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کا تہوار 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منایا جائے گا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی بسنت کی حتمی تاریخوں کے بارے میں جاری قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق تہوار کو محفوظ بنانے کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں چھتوں کی مضبوطی، بجلی کی تاروں کی حفاظت، پتنگ و ڈور کی نگرانی اور موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز کی تنصیب شامل ہیں۔ شہریوں اور مالکانِ مکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت سے پہلے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیں۔
غیر محفوظ چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں
سیکرٹری داخلہ کے مطابق شہر میں کسی بھی غیر محفوظ اور ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بسنت کے دوران پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھت کی پائیداری کی مکمل ذمہ داری مالک مکان پر عائد ہو گی۔ کسی بھی حادثے کی صورت میں مالکان کو جوابدہ ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
چھتوں پر 3.5 فٹ کی دیوار لازمی
حکام نے واضح کیا ہے کہ 31 دسمبر سے قبل چھتوں پر کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند دیوار تعمیر کرنا لازم ہے۔ اس کے علاوہ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی مرمت بھی اسی تاریخ تک مکمل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پتنگ بازی کے دوران کسی کے گرنے جیسے حادثات سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کو اہم ذمہ داریاں
سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایت کی ہے کہ:
پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرایا جائے۔
معائنے کی رپورٹ غیر تسلی بخش ہونے کی صورت میں متعلقہ غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے۔
مقررہ حد کے مطابق پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی کڑی نگرانی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کو یہ اختیار بھی حاصل ہو گا کہ ہدایات اور قانون کی خلاف ورزی پر کسی بھی عمارت کو سیل کر دیں۔
بجلی کی تاروں کے حوالے سے ہدایات
بجلی کی تاریں چھتوں کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت کے مالکان پابند ہوں گے کہ بسنت سے قبل انہیں محفوظ بنائیں۔ ماضی میں پتنگ بازی کے دوران بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، اس لیے اس معاملے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز
ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز مفت نصب کرے گی۔ یہ راڈز موٹر سائیکل سواروں کو ڈور سے گلا کٹنے جیسے خطرناک حادثات سے بچانے میں مدد دیں گے۔
خلاف ورزی پر سخت سزائیں
سیکرٹری داخلہ کے مطابق بسنت کی مقررہ تاریخوں سے قبل اور بعد میں پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔ یعنی پتنگ بازی کی اجازت صرف 12، 13 اور 14 مارچ تک محدود ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:بسنت منانے کیخلاف درخواست، عدالت نے درخواست گزار اور وکیل کی سرزنش کیوں کی؟











