لاہور (پنجاب پوسٹ) بسنت 2027 کی تاریخ تبدیل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا، ڈی سی لاہور نے بسنت منانے اور پتنگ بازی کی اجازت کے لیے سمری پنجاب حکومت کو ارسال کر دی۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں بسنت 12 سے 14 مارچ 2027 تک منانے کی تجویز دی گئی ہے، تاہم حتمی تاریخ کا فیصلہ پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق ممنوعہ زونز کے علاوہ ضلع لاہور کی حدود میں پتنگ بازی کی اجازت ہوگی، جبکہ پتنگ بازی کے لیے صرف قابلِ اجازت میٹریل استعمال کیا جا سکے گا۔ پتنگ اور ڈور بنانے والوں کے لیے ڈیجیٹل رجسٹریشن بھی لازمی قرار دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق پتنگ اور ڈور کی تیاری 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی، جبکہ ان کی خریداری، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے ہوگی۔ عام شہریوں کو پتنگ اور ڈور کی فروخت 10 فروری 2027 سے شروع کرنے کی اجازت دینے کی تجویز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تھل جیپ ریلی میں افسوسناک حادثہ، پیرا گلائیڈر ہوا میں کریش، پائلٹ اور سوار دونوں زخمی
مجوزہ ضوابط کے تحت پتنگ اور ڈور صرف رجسٹرڈ دکانداروں کے ذریعے فروخت کی جا سکے گی۔ بغیر رجسٹریشن پتنگ اور ڈور بنانے، خریدنے، ذخیرہ کرنے یا فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بسنت 2027 کی تاریخوں سے متعلق سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ اب بسنت کے انعقاد اور مجوزہ تاریخوں کی حتمی منظوری پنجاب حکومت دے گی، جس کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔











